جمعیت طلبا ہی نہیں پورے معاشرے میں پہچانی جاتی ہے، منور حسن

Munawar Hasan

Munawar Hasan

کراچی (اسٹاف رپورٹر )اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے تحت اڑسٹھواں یوم تاسیس کنونشن داؤد یونیورسٹی میں منعقد ہوا جس میں ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔ یوم تاسیس کنونشن کے مہمانوں میں سابق ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان سید منور حسن، ناظم حلقہ احباب جمعیت کراچی ڈاکٹر واسع شاکر اور ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی حافظ محمد بلال شریک ہوئے۔ منور حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ جمعیت نے اپنے 67 سال پورے کیے اور 68 واں یوم تاسیس منا رہی ہے

اسلامی جمعیت طلبہ صرف طلبا میں ہی مقبول نہیں بلکہ پورے معاشرے میں پہچانی جاتی ہے، بڑے پیمانے پر دعوت کو عام کرنے کی ضرورت ہے، زندگی دوسروں کے کام آنے کا نام ہے۔ ڈاکٹر واسع شاکر نے کہا کہ پاکستان کے نظریات کے تحفظ کے لیے نوجوانوں کو تعلیم کو اپنا ہتھیار بنانا ہوگا، آج ملک بچانے کے لیے تعلیم یافتہ اور مضبوط نظریات کے حامل نوجوان واحد سہارا ہیں

آپ سے ملک کا مستقبل وابستہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 21 ویں صدی کے اندر بظاہر روشن خیالی کو بنیاد بناکر پورے ملک میں اسلامی نظریات کو تبدیل کرنے کی سازش ہورہی ہے، آج کے پرفتن دور میں اپنی جدوجہد کو جاری رکھنا ایک چیلنج ہے، اگر آپ اسوہ حسنہ پر عمل کریں گے تو زندگی تبدیل ہو جائے گی۔ حافظ بلال نے کہاکہ یوم تاسیس شہدا کے تذکرے اور عزم وقوت کو جلا بخشنے کا دن ہے، آج کے دن ہم پاکستان کے لیے جان کی بازی لگانے کا عزم کرتے ہیں۔