اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے نہ صرف آزادی دلائی بلکہ مستقبل کا لائحہ عمل بھی دیا، انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ ملک کی بے لوث خدمت ہے۔
بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قائداعظم ایسا پاکستان چاہتے تھے جہاں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہوں، وہ لبرل جمہوریت پسندی کے قائل اور عوام کی امنگوں پر مبنی نظام کے حامی تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائد نے اتحاد اور قومی اتفاق رائے سے کام کی ضرورت پر زور دیا اور آئین کی سربلندی کا پرچار کرتے ہوئے قانون کی حکمرانی پر کاربند رہے، مضبوط اور خوشحال پاکستان بنانے کیلئے قوم تندہی سے کام کرے۔