ورلڈ کپ رنرز اپ بلائنڈ کرکٹرز حکومتی توجہ کے منتظر

Blind Cricket Team

Blind Cricket Team

لاہور (جیوڈیسک) بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی رنرز اپ قومی ٹیم تاحال حکومتی توجہ کی منتظر ہے، سینئر کھلاڑی عامر اشفاق کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطح پر پذیرائی نہ ملنے کی وجہ سے سب مایوس ہیں، وزیر اعظم سے درخواست ہے کہ وہ ملک کے سربراہ ہونے کے ناطے ایک بار ملاقات ہی کرلیں۔

انھوں نے اپنے ادارے زرعی ترقیاتی بینک کے صدر سے بھی درخواست کی کہ وہ میگا ایونٹ میں شرکت سے قبل ترقی کے حوالے سے کیے جانے والے وعدے کو پورا کریں۔ کئی ریکارڈز ملک کے نام کرنے والے کھلاڑی نے کہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ہمیشہ ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، ہم نے4 میں سے2 ورلڈ کپ جیتے جب کہ ہر بار فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

انھوں نے کہا کہ حال ہی میں جنوبی افریقہ میں منعقدہ چوتھے عالمی کپ میں ناقابل شکست کی حیثیت سے فائنل میں رسائی حاصل کی لیکن بدقسمتی سے ہم بھارت کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوکر اعزاز کا دفاع کرنے سے محروم رہے۔ انھوں نے تسلیم کیا کہ فیصلہ کن معرکہ میں ہم سے فیلڈنگ اور دیگر شعبوں میں بعض غلطیاں ہوئیں جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ عامر اشفاق نے بلائنڈ کرکٹرز کو حکومتی سطح پر پذیرائی نہ ملنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیر اعظم نواز شریف سے انعام کا مطالبہ نہیں کرتے لیکن میگا ایونٹ کے بعد ایک بار ملاقات ہی کرلیتے تو ہمارے حوصلے آسمان کو چھونے لگتے۔

انھوں نے کہا کہ میں اپنے ادارے زرعی ترقیاتی بینک کے صدر سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے جانے سے قبل ترقی کے حوالے سے کیے گئے وعدے کو پورا کریں کیونکہ مہنگائی کی وجہ سے گھر کا چولہا جلانا انتہائی مشکل ہوچکا ہے۔

یاد رہے کہ عامر اشفاق کا شمار پاکستان کے سنیئر ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے،انھوں نے1998 میں ڈیبیو کرنے کے بعد چاروں ون ڈے ورلڈ کپ اور واحد ٹی ٹوئنٹی میگا ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز پایا، اس دوران بے شمار ریکارڈز بھی اپنے نام کیے، ان میں سب سے زیادہ سنچریوں کا عالمی اعزاز بھی شامل ہے، وہ سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بیٹسمین بھی ہیں۔

جنوبی افریقہ میں حال ہی میں ختم ہونے والے میگا ایونٹ میں عامر نے تیز ترین ففٹی کا عالمی ریکارڈ قائم کیا، کسی بھی میچ میں کم اسکور کے عوض زیادہ وکٹیں لینے کا کارنامہ بھی ان کے نام ہے، انھوں نے صرف 3 رنز کے بدلے 5 وکٹیں اڑائی تھیں۔