معصوم شہید بچوں کا خون ملک میں امن کی بنیاد ثابت ہو گا: سراج الحق

Siraj ul Haq

Siraj ul Haq

پشاور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ شہید بچوں کی قربانی رنگ لائے گی۔ نواز شریف کاامتحان ہے کہ وہ اپنا مینڈیٹ کس طرح قوم کی بہتری کیلئے استعمال کرتے ہیں۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق پشاور میں شہید پرنسپل طاہرہ قاضی کےگھر گئے اور ان کے اہل خانہ سے فاتحہ خوانی کی۔ سراج الحق سکول پرحملے میں شہید ہونے والے طالبعلم ثاقب غنی کے گھر بھی گئے اور تعزیت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید پرنسپل نے بچوں کو بچاتے ہوئے اپنی جان دی، سکول کو یونیورسٹی کا درجہ دے کر اس کا نام طاہرہ قاضی یونیورسٹی رکھنا چاہئے۔ معصوم بچوں کا خون رنگ لائے گا اور امن قائم ہوگا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ پشاور کے لوگوں نے 1980ء سے لے کر اب تک قربانی دی ہے اس شہر کو بلند ترین مقام دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کیلئے امتحان ہے کہ وہ اپنا مینڈیٹ کس طرح عوام کی بہتری کیلئے استعمال کرتے ہیں، ماضی میں کسی بھی حکومت نے فاٹا پرتوجہ نہیں دی۔ قبائلی علاقوں میں خواتین میں شرح خواندگی صرف تین فیصد ہے، قبائلی مشران کے مشوروں کو اہمیت دی جائے۔

اس وقت 20 سے 25 لاکھ آئی ڈی پیز ہیں، متاثرین کو چند کلو چاول کیلئے گھنٹوں قطاروں میں کھڑا رہنا پڑتاہے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ علماء نے مدارس کی رجسٹریشن سے کبھی انکار نہیں کیا، دینی مدارس کے خلاف مہم مغرب کا ایجنڈہ ہے، حکومت علماء کو بلا کر نظام بنائے، مولانا عبدالعزیز کے الفاظ کو پکڑ کرلال مسجد گرانا مناسب نہیں۔