حضرت امام حسین اور دیگر شہدا کربلا کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے عظیم الشان شہادت کربلا کانفرنس جاری

Gujarat

Gujarat

گجرات: نواسہ رسول سید الشہداء حضرت امام حسین اور دیگر شہدا کربلا کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مرکز اہلسنت نیک آباد میں عظیم الشان شہادت کربلا کانفرنس جاری ہے، اندرون وبیرون ملک سے ہزاروں خواص وعوام شریک ہیں اور قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، شہادت کربلا کانفرنس کی صدارت مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد اشرف القادری کررہے ہیں۔

اس موقع پر امیر عالمی تنظیم اہلسنت پیر محمد افضل قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا امام حسین خوبصورت بھی تھے کیونکہ حبیب خدا ۖ کے مشابہ تھے اور خوب سیرت بھی کہ امام الانبیاء ۖ، حضرت علی المرتضیٰ اور سیدہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہما کی بے مثل تربیت کا نتیجہ تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ انتہائی پاکباز، متقی، پرہیزگار، شب بیدار، روزوں کی کثرت کرنے والے، بے حد صدقہ و خیرات کرنے والے، انتہائی بہادر، غیور، صاحب استقامت، حق گو، نیکی کے کاموں میں بڑھ کر حصہ لینے والے تھے۔ رسول اللہۖ نے سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کے حق میں دعا فرمائی تھی کہ اے اللہ! جو ان سے محبت کرے تو بھی ان سے محبت فرما۔

معرکہ کربلا کے اسباب بیان کرتے ہوئے پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ یزید فاسق وفاجر، ظالم، شراب اور ناچ گانے کا دلدادہ اور حدود الہٰیہ کو پائمال کرتا تھا لہذا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے اسے امیر المؤمنین ماننے سے اور اس کی بیعت کرنے سے انکار فرما دیا جس کی پاداش میں میدان کربلا میں آپ کے پیاروں کو ایک ایک کر کے بے دردی سے شہید کردیا گیا حتیٰ کہ آپ خود بھی بے شمار زخموں اور شدید بھوک وپیاس کی حالت میں شہید کر دئیے گئے لیکن آپ نے آخر دم تک فاسق وفاجر حکمران یزید کی بیعت نہ کر کے فقید المثال استقامت اور جرأت کا مظاہرہ فرمایا اور قیامت تک آنے والے مسلمانوں کی رہنمائی فرمائی کہ فاسق وفاجر مسلمانوں کا امیر نہیں ہو سکتا اس موقع پر مختلف قرار دادوں کے ذریعے مملکت خداد داد پاکستان میں نظام مصطفیۖ کے فروغ، فحاشی کے انسداد اور پاکستان میں ڈرون حملوں اور خودکش حملوں کو سختی سے روکنے کا مطالبہ کیا۔

شہادت کربلا کانفرنس کیساتھ ولی کامل عالم ربانی خواجہ پیر محمد اسلم قادری رحمة اللہ علیہ کے عرس مبارک کی تقاریب بھی منعقد ہوئیں جن میں علماء نے صاحب عرس کے متعلق کہا کہ وہ قطب الاولیاء استاذ العلماء اور نائب غوث الوریٰ تھے، انکے ہاتھوں بیشمار کرامات ظاہر ہوئیں اور ہزاروں لاکھوں لوگ ان کے علمی و روحانی فیض سے مستفید ہوئے۔ اس موقع مولانا خادم حسین رضوی، پیر محمد عثمان افضل قادری، مولانا ضیاء اللہ رضوی ودیگر مشائخ وعلماء اسٹیج پر موجود ہیں۔