مجالس اور جلوس ہائے عزاء کا انعقاد کر کے اتحاد امت کا عملی مظاہرہ کر کے دشمنوں کی سازش کو ناکام بنا دیا: ناصر عباس

Nasir Abbas Jafri

Nasir Abbas Jafri

اسلام آباد: ملک بھر میں تمام مسلمانوں نے نواسہ رسول امام عالی مقام حضرت امام حسین کی عظیم قربانی کی یاد میں مجالس محافل اور جلوس ہائے عزاء کا انعقاد کر کے اتحاد امت کا عملی مظاہرہ کر کے دشمنوں کی سازش کو ناکام بنا دیا امام عالی مقام کی عظیم قربانی کا مقصد ظلم و تشدد اور اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے تھا آج امت مسلمہ کی کامیابی اسی میں ہے کہ وہ مشن حسینی پر عمل کرتے ہوئے وقت کی ظالم جابر قوتوں اور انتہا پسند دہشت گردوں کیخلاف علم بغاوت بلند کرے۔

ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی جلوس کے اختتام پر عزاداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پرامن طریقے سے جلوس ہائے عزا کا انعقاد کا سہرا امت مسلمہ کی وحدت اور بھائی چارے کے سر ہے آج شیعہ سنی میں تفرقہ ڈالنے والے اسلام اور ملک دشمن گروہ کو رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے انشااللہ جس طرح عاشور پر ہمارے اہلسنت بھائیوںنے جس اتحادکا مظاہرہ کیا انشااللہ ماہ ربیع الاول میں ملت جعفریہ اتحاد امت کا مثالی عملی مظاہرہ اپنے اہلسنت بھائیوں کیساتھ مل کر کرینگے انہوں نے اس موقعے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے یوم عاشور کے ملک بھر میں سکیورٹی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی قانون اور آئین کی عملداری میں کردار ادا کرتے رہینگے۔