کرائسٹ چرچ (جیوڈیسک) برینڈن مکلم ٹیسٹ کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سنچری بناتے بناتے رہ گئے، سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کیوی کپتان صرف 134 گیندوں پر 195 رنز بناکر آوٹ ہوئے کرائسٹ چرچ میں جاری میچ کا پہلے دن سری لنکن بالرز کے لئے ڈراونا خواب ثابت ہوا۔
میزبان ٹیم کے کپتان برینڈن مکلم نے صرف 134 گیندوں پر 195 رنز اسکور کئے، وہ ہم وطن نیتھن ایسٹل کی تیز ترین ڈبل سنچری کا ٹیسٹ ریکارڈ توڑنے سے صرف 5 رنز کے فاصلے پر تھے کہ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ انکی اننگز میں 18 چوکے ، 11 چھکے شامل تھے۔ جمی نیشم 85 اور کین ولیم سن 54 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے 7 وکٹ پر 429 رنز بنالئے تھے۔