سانحہ پشاور نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، اداکارہ بندیا

BINDIA

BINDIA

لاہور (جیوڈیسک) اداکارہ بندیا نے کہا ہے کہ پوری دنیا کو سانحہ پشاور نے ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اتنی سفاکی اور بربریت نے تو ہر کسی کے رونگھٹے کھڑے کردیے ہیں۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار امریکا سے ٹیلیفون پر کیا۔ اداکارہ و گلوکارہ نے کہا کہ اس واقعہ کو جب معلوم ہوا تو یقین ہی نہیں ہورہا تھا کہ دنیا میں ایسے خونخوار درندے بھی ہیں جنہوں نے معصوم کلیوں کو بھون کر رکھ دیا۔

اس سانحہ میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کو دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہے، میں بھی ایک ماں ہوں۔ ان ماؤں کے جذبات کو اچھی طرح سمجھ سکتی ہوں کہ وہ اس وقت کو کوس رہی ہوں گی کہ ہم نے اپنے لال کو اس دن اسکول ہی کیوں بھیجا۔ بندیا نے کہا کہ ہم حکومت اور سیاستدانوں پر ذمے داری آن پڑی ہے کہ ایسی سفاکی اور بربریت کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور ان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتیں۔