حکومت سستے ذرائع سے توانائی کے حصول کے لئے کوشاں ہے، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کہتے ہیں کہ حکومت سستے ذرائع سے توانائی کے حصول کے لئے کوشاں ہے۔

ایوان وزیر اعلیٰ لاہور میں چین کی کمپنی کے اعلیٰ حکام نے وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کی، اس موقع پر چینی کمپنی نے پنجاب میں ایل این جی سے بجلی کا منصوبہ لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے تیز رفتاری سے اقدامات کئے جا رہے ہیں، حکومت نے کوئلے، شمسی ، ہوا اور دیگر ذرائع سے توانائی کے حصول کے لئے حکمت عملی اپنائی ہے، کراچی میں ایل این جی ٹرمینل 2015 کے آغاز میں کام شروع کردے گا، انہوں نے کہا کہ چینی کمپنی کی جانب سے ایل این جی سے پاور پلانٹ لگانے میں دلچسپی کا خیر مقدم کریں گے۔