چارسدہ (جیوڈیسک) مردان پولیس نے ایک کارروائی میں چارسدہ سے کالعدم تحریک طالبان کے اہم کمانڈر امان اللہ عرف عرفان خراسانی سمیت 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے 150کلو باردوی مواد، 100 گز پرائما کارڈ اور 50 سیفٹی فیوز برآمد کر لیں۔
مبینہ طالبان کمانڈر امان اللہ عرف عرفان خراسانی دہشت گردی، بھتہ خوری، دھماکوں سمیت مکرم خان شہید کے قتل میں بھی ملوث تھا۔ ڈی آئی جی مردان ریجن سعید خان وزیر نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کالعدم طالبان خائستہ گروپ کے اہم کمانڈر امان اللہ عرف عرفان خراسانی ٹرک کے ذریعے مہمند ایجنسی سے چارسدہ آ رہا ہے جس پر چارسدہ پولیس کو الرٹ کر دیا گیا اور یکہ غنڈ چیک پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ مبینہ دہشت گرد کے سر کی قیمت پچاس لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد امان اللہ عرف عرفان خراسانی اے این پی چارسدہ کے رہنما شاہ جہان خان، ہیڈ کانسٹیبل آیاز خان اور دنیانیوز مہمند ایجنسی کے نمائندے مکرم خان کے قتل کے علاوہ گیارہ دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب تھا۔
ڈی آئی جی نے کہا کہ چارسدہ ہی سے دو اہم دہشت گرد وسیع اللہ عرف ابوبکر جس کا تعلق افغانستان سے ہے جبکہ روح اللہ ساکن شب قدر کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی مردان نے مزید بتایا کہ مختلف اضلاع میں سرچ آپریشن جاری ہے اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔