کراچی (جیوڈیسک) سوئی ناردرن گیس نے قائد اعظم ٹرافی میں ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی،کپتان توفیق عمر نے ٹرافی اور 25 لاکھ روپے کا انعام وصول کیا۔
نیشنل بینک کوگولڈ لیگ فائنل کی پہلی اننگز کا خسارہ لے ڈوبا، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیل کے پانچویں اور آخری دن بینک کی ٹیم اننگز کی شکست سے بچ نکلی، نویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے رضا حسن نے سنچری داغ دی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک نے جمعے کو 3 وکٹ پر 275 رنز سے نامکمل دوسری اننگز دوبارہ شروع کی، اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلیے 26 رنز درکار تھے، کامران اکمل (137) گذشتہ اسکور میں صرف 7 رنز جوڑ کر پویلین لوٹ گئے، ذاتی اسکور میں 22 رنز کا اضافہ کرکے سمیع اسلم 122 پر چلتے بنے۔
دونوں نے چوتھی وکٹ کیلیے 220 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، 309 رنز پر اگلی 3 وکٹ گرنے کے بعد وہاب ریاض اور رضا حسن نے 8ویں وکٹ کی شراکت میں 86 رنز بناکر ٹیم کو بہتر پوزیشن پر لا کھڑا کیا، آخری دسویں وکٹ پر رضا حسن نے ضیا الحق کا ساتھ دے کر مزید 87 رنز جوڑ لیے، رضا حسن نے14 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 123 رنز بنائے، وہاب ریاض 36 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے جبکہ ضیا الحق 28 پر ناٹ آؤٹ رہے، عمران علی نے 85 رنز دیکر 5 شکار کیے۔
منظور خان کے ہاتھ 2 وکٹیں لگیں، فاتح ٹیم کو کامیابی کے لیے 208 رنز کا ہد ف ملا، جس نے 10 اوورز میں بلا نقصان 28 جوڑے تھے کہ میچ کے خاتمے کا اعلان کردیا گیا، اس طرح قواعد کے تحت پہلی اننگز میں 301 رنز کی برتری حاصل کرنیوالی سوئی ناردرن گیس نے ٹائٹل پر قبضہ کرلیا۔ تقریب تقسیم انعامات میں سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو اور کے سی سی اے کے صدر پروفیسر اعجاز فاروقی نے انعامات تقسیم کیے،کپتان توفیق عمر نے وننگ ٹرافی کے ساتھ 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم وصول کی۔
نیشنل بینک کے کپتان کامران اکمل نے رنرز اپ ٹرافی اور 15 لاکھ روپے حاصل کیے، فائنل کے بہترین پلیئر فاتح ٹیم کے رضوان خان نے 50 ہزار روپے کا انعام پایا، اسی ٹیم کے نعیم الدین ایونٹ کے بہترین بیٹسمین، پورٹ قاسم اتھارٹی کے سہیل خان بولر اور اسلام آباد کے زوہیب احمد بیسٹ آل راؤنڈر قرار پائے۔