لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نوید اکرم چیمہ کو ورلڈ کپ 2015 کے قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر مقرر کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔
معین خان سے ایک عہدہ واپس لے لیا گیا ، پاکستان کرکٹ بورڈ کی معین خان کے دو ، دو عہدوں پر ورلڈ کپ تک برقرار رہنے کی خبریں اس وقت دم توڑ گئیں جب پی سی بی کی جانب سے نوید اکرم چیمہ کو قومی ٹیم کے منیجر کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل پی سی بی ترجمان کئی بار معین خان کے دونوں عہدوں پر برقرار رکھنے کے دعوے کر چکے ہیں تاہم بورڈ کے اس فیصلے کے بعد معین خان اب بطور چیف سلیکٹر قومی ٹیم کے ساتھ جائیں گے ۔ نوید اکرم چیمہ اس وقت چیف سیکرٹری پنجاب ہیں لیکن چند روز میں ان کے عہدے کی مدت ختم ہوجائے گی۔
نوید اکرم چیمہ اس سے پہلے تین سال تک قومی ٹیم کے منیجر کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں ۔ انہیں منیجر کا عہدہ سابق چیئرمین اعجاز بٹ نے اس وقت پیش کیا جب کہ ستمبر دو ہزار دس میں تین قومی کرکٹرز سلمان بٹ ، محمد آصف اور محمد عامر پر سپاٹ فکسنگ الزامات کی وجہ سے پابندی لگی ۔ ان کے تین سالہ دور میں قومی ٹیم میں کوئی بڑا سکینڈل سامنے نہیں آیا۔
نوید اکرم چیمہ کی بطور منیجر آخری سیریز ویسٹ انڈیز کے خلاف تھی ۔ نوید اکرم چیمہ وزارت ہائوسنگ اینڈ پلاننگ کے سیکرٹری اور واپڈا میں ایم ڈی کے عہدے پر بھی رہ چکے ہیں۔