دہشتگردی کی وارداتیں، کرایہ داروں کی مانیٹرنگ کا قانون تیار کر لیا گیا

Punjab Government

Punjab Government

لاہور (جیوڈیسک) دہشت گردی کی بڑھتی وارداتوں کے پیش نظر کرایہ داروں کی مانیٹرنگ کا قانون تیار کر لیا گیا، کرایہ نامہ کی خلاف ورزی کرنے والے کرایہ داروں اور مالکان کو سزا اور جرمانہ کیا جائے گا۔

پنجاب حکومت نے بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو روکنے کے لئے کرایہ داروں کا ایک قانون تیار کر لیا ہے جس کی خلاف ورزی کرنے پر ایک سال تک سزا اور ایک لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں اکٹھی بھی دی جاسکیں گی۔

قانون کے تحت کرائے پر دی گئی عمارتوں اور ہاسٹلز کی مانیٹرنگ ہوگی، آئندہ کوئی بھی مالک اپنی جگہ کرائے پر دینے سے قبل انہیں رجسٹرڈ کرائے گا، کرایہ داروں کی شناخت لازم ہوگی اور دو افراد کرایہ داروں کی ضمانت دیں گے۔ کرایہ نامہ نوٹری پبلک یا اوتھ کمشنر سے رجسٹرڈ کرانا ہوگا کرایہ نامے میں 14 سال سے بڑے بچوں کی تعداد بھی بتانا لازم ہوگا، کرایہ داروں کو مقامی پولیس سٹیشن پر رجسٹرڈ کیا جائے گا۔

طلبہ ہاسٹل میں رجسٹرڈ طلبہ کے علاوہ کسی کو نہیں ٹھہرایا جا سکے گا۔ ہاسٹل میں کسی بھی قسم کا اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد رکھنا جرم ہوگا۔ پولیس سٹیشن کرایہ داروں کا تمام ریکارڈ رکھنے کا ذمہ دار ہوگا۔ پولیس کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بیس بنائے گی تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں تمام ریکارڈ فوری مل سکے۔ قانون کی خلاف ورزی ناقابل ضمانت جرم ہوگا اور کیس جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔