فلسطین میں انسانی بحران مزید سنگین صورت اختیار کر گیا

Palestine

Palestine

مقبوضہ بیت المقدس (جیوڈیسک) فلسطین میں انسانی بحران مزید سنگین صورت اختیار کرگیا ہے،اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی نصف سے زائد آبادی بدترین صورت حال میں ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق انیس سو سڑسٹھ کے بعد سے اب تک کی خراب ترین صورت حال ہے۔

غزہ میں زندگی دوبھر ہے اور بحران دن بدن سنگین ہوتا جارہا ہے،نقل و حمل کی پابندیاں، خوراک کی کمیابی، بے گھر افراد غرض مسائل کی فہرست کافی طویل ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بھی ایسے ہی کئی مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے،رپورٹ کے مطابق اس سال پانچ سو اڑتیس بچوں سمیت ڈیڑھ ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔

ڈیڑھ سو کے قریب خاندانوں کے تین یا اس سے زائد افراد شہید ہوئے،رواں سال غزہ میں ایک لاکھ افراد آئی ڈی پی بن گئے، بارہ لاکھ افراد کیمپوں میں رہائش پذیر ہیں، اس سال اسرائیل نے فلسطینیوں کے بائیس ہزار مکانات تباہ کیے، چھ لاکھ افراد جزوی تباہ مکانات میں رہنے پر مجبور ہیں، بائیس ہزار سے زائد گھرانے ایسے ہیں جن کی کفالت خواتین کررہی ہیں۔

غزہ میں تیرہ لاکھ افراد غذائی کمی کا شکار ہیں، مغربی کنارے میں اس سال تقریبا ایک ہزار فلسطینیوں کی جانیں اسرائیل نے لے لی اور ہزاروں سے زائد زخمی ہوئے۔ مغربی کنارے میں اس سال اسرائیل نے ساڑھے پانچ سو سے زائد تعمیرات تباہ کیں،بارہ سو کے قریب لوگ بے گھر ہوئے، سات لاکھ پینسٹھ ہزار افراد کیمپوں میں رہائش پزیر ہیں ، دس لاکھ لوگ غذائی کمی کا شکار ہیں، 45 ہزار گھرانوں کی کفالت خواتین کررہی ہیں۔