بیرونی سرمایہ کاری میں 19 فی صد اضافہ، برآمدات کم

External Investment

External Investment

اسلام آباد (جیوڈیسک) 2014 کے دوران پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں 19 فی صد اضافہ ہو گیا تاہم برآمدات پچھلے سال کی نسبت کم ہو گئیں۔ ماہرین کہتے ہیں سیاسی معاملات میں بہتری آرہی ہے، امید ہے 2015 کا سال پاکستان کے لیے معاشی طور پر اچھا رہے گا۔ 2014 کے دوران سب سے زیادہ سرمایہ کاری ٹیلی مواصلات کے شعبے میں تھری جی اور فور جی لائسنس کی فروخت سے ہوئی جو 14 کروڑ 74 لاکھ ڈالر تھی۔

گزشتہ سال کے مقابلے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 19 فیصد بڑھ گئی جو 42 کروڑ 28 لاکھ ڈالر رہی۔ تاہم توانائی کے بحران اور خراب سیاسی حالات کے با عث ملکی برآمدات کو کافی دھچکا لگا جو پچھلے سال کی نسبت مجموعی طور پر 4 فیصد کم رہیں ۔سرمایہ کار وں کے مطابق 2014 کاروبار کے لیے کچھ خاص اچھا نہیں رہا، تاہم اب معاملات بہتر ہو رہے ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ 2015 بزنس کے لیے اچھا ہوگا۔ 2014 میں پاکستان کو تجارت کے شعبے میں سب سے بڑی کامیابی جی ایس پی پلس کی صورت میں یورپی منڈیوں تک رسائی سے ملی، یورپی منڈیوں میں پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 19 فی صد اضافہ ہو گیا۔ ملک میں جاری دھرنوں اور احتجاج کی وجہ سے بیرون ممالک خریداروں نے کئی اہم آرڈرز بھی کینسل کردیے جس سے نہ صرف ایکسپورٹرز بلکہ ملکی معیشت کو بھی نقصان ہوا۔