لاہور (جیوڈیسک) ٹی وی کی معروف اداکارہ سجل علی نے کہا ہے کہ بالی ووڈ میں جب بھی کوئی اچھا کردار آفرہوا تواپنی شرائط کے ساتھ ضرور کام کروں گی۔ کمرشل فلموں کی بجائے اگرمجھے آرٹ فلموں میں کام کرنے کاموقع ملا تواپنی فنکارانہ صلاحیتوں سے کردارمیں حقیقت کا رنگ بھرنا میری اولین ترجیح ہوگی۔
پاکستان اورہندوستان سے فلموں میں کام کرنے کی آفرز توجاری ہے لیکن میں کوئی بھی ایسا کام نہیں کرنا چاہتی کہ جس سے مجھے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے اورمیرے پرستاروں کو مایوسی ہو۔
سجل علی کہا کہ میں ایک اداکارہ ہوں اورمجھے ٹی وی کے ساتھ کمرشل اورآرٹ فلموں میں بھی کام کرنا ہے جس کے لیے مجھے پاکستان اوربھارت سے آفرز ہوئی ہیں مگر ابھی تک میں نے کوئی بھی فلم سائن نہیں کی۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ میں کوئی بھی پراجیکٹ سائن کرنے سے قبل کام کرنے کی اپنی شرائط طے کرتی ہوں، اگر وہ طے پاجائیں تومیں اس پراجیکٹ کا حصہ بنتی ہوں، وگرنہ میں اسے چھوڑ دیتی ہوں۔ جہاں تک بات خود کوٹی وی تک محدود رکھنے کی ہے تواس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
میں پاکستان اور بھارت کی فلموں میں ضرور کام کرونگی اوراس کے لیے تیاربھی ہوں، مگرجب کوئی اچھی کہانی اورکردارمجھے دیا جائے گا تومیں بڑی اسکرین پرجلوہ گرہوجاؤنگی۔ انھوں نے بتایا کہ بالی ووڈ سے فلموں میں کام کرنے کی پیشکش توجاری ہیں اورجب سے بھارت میں پاکستانی ڈرامے آن ائیر ہونا شروع ہوئے ہیں، اس کے بعد سے مختلف ذرائع سے بالی وڈ کے فلمساز اداروں کی جانب سے مجھ سے رابطہ کیاجارہا ہے لیکن تاحال کوئی بھی پراجیکٹ سائن نہیں کیا۔
ایک سوال کے جواب میں سجل علی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فلمسازی کا عمل ابھی شروع ہوا ہے۔ ابھی پاکستان فلم انڈسٹری میں تجرباتی فلمیں بنائی جارہی ہیں اوردوسری جانب عرصہ دراز کے بعد لوگ اپنی فیملیز کے ہمراہ سینماگھروں کارخ کررہے ہیں، اس لیے ابھی کچھ وقت لگے گا اوراس کے بعد ہماری انڈسٹری بھی دنیا کی ترقی یافتہ فلم انڈسٹریوں کے ساتھ کھڑی ہوگی لیکن اس کے لیے اچھوتے اور حقیقت سے قریب تر موضوعات اور کہانیوں پر فلمیں بنانیکی ضرورت ہے۔ اگر اب بھی ایسا نہ کیا گیا تو پھر حالات بہتر ہونے کی بجائے مزید خراب ہو جائیں گے۔