جدید کاریں بھی ہیکنگ کے خطرات سے دو چار

Modern Cars

Modern Cars

لندن (جیوڈیسک) ہیکرز نے دنیا بھر کی حکومتوں اوراداروں کو تو پریشان کر ہی رکھا ہے، اب عام لوگوں کے لیے بھی وہ ایک بڑے خطرے کی صورت میں سامنے آئے ہیں۔

اگر آپ ایک جدید کار کے مالک ہیں تو ہیکرز آپ کی کار کو کنٹرول کرکے اپنے مطالبات منواسکتے ہیں۔ اس خطرے کی نشاندہی برطانوی اخبار نے گاڑیوں کے ماہرین کے حوالے سے کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی سب سے بڑی موٹرنگ motoring آرگنائزیشن ڈبل اے کے صدر ایڈمنڈ کنگ اور دیگر ماہرین کا کہنا ہے کہ جدید کاریں ریموٹ ٹیکنالوجی سے لیس ہیں اور ان میں وائرلیس نیٹ ورک اور انٹر نیٹ کنکشن ہیں تاکہ لوگ دورانِ سفر میوزک، ریسٹورنٹ بکنگ، تازہ ترین صورت حال سے آگاہی اور دیگر سہولتوں سے مستفید ہوسکیں۔

وائرلیس نیٹ ورک اور انٹرنیٹ نے جہاں لوگوں کو سہولتیں مہیا کی ہیں، وہیں اس نے لوگوں کو خطرات سے بھی دوچار کردیا ہے ۔ ہیکرز اور دہشت گرد کسی بھی کار کے سسٹم تک رسائی حاصل کرکے بریک اور ایکسیلیٹر سمیت پوری کار کو کنٹرول کرسکتے ہیں اور گاڑی حادثے کا شکار ہوسکتی ہے۔ کار کو کنٹرول کرکے ہیکرز یا دہشت گرد کسی قسم کی معلومات کی فراہمی یا رقم کا مطالبہ کرسکتے ہیں۔