امریکا: جنوبی ریاستوں میں شدید برف باری سے نظام زندگی متاثر

Heavy Snowfall

Heavy Snowfall

نیویارک (جیوڈیسک) امریکا کی جنوبی ریاستوں میں شدید برف باری سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ چھٹیوں پر گھروں کو جانے والے مسافروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔

امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی ریاستوں میں ہونے والی برف باری سے مواصلات کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ کرسمس اور نئے سال کے موقع پر چھٹیوں کے لیے گھروں کو جانے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

امریکی محکمہ مواصلات کے مطابق توقع ہے کہ تقریبا ایک کروڑ امریکی چھٹیاں منانے کے لیے اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔ تاہم شدید برف باری اور کئی ریاستوں میں بارشوں اور دھند کی وجہ سے سفر میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ریاست اوکلاہوما میں 4انچ برف باری ریکارڈ کی گئی ہے اور برف کے باعث سڑکوں پر پھسلن ہے اور گاڑیوں میں سفر کرنے والوں کو بھی دشواریوں کا سامنا ہے۔ ٹیکساس میں بھی 4انچ برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔