لاہور (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مہم آئندہ نسلوں کی بقا کی جنگ ہے جسے ہر قیمت پر جیتیں گے۔ حکومت، افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پوری قوم دہشت گردی کے ناسورکا قلع قمع کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انشا اللہ اس مقصد میں سرخرو ہوں گے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی خود نگرانی کر رہا ہوں جلد اس کے نتائج سامنے آئیں گے۔ گزشتہ روز جاتی امرہ رائیونڈ میں وزیراعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات میں انھوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی ملکی ترقی و خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اس سے چھٹکارا پائے بغیر ہم ترقیاتی ممالک کی صف میں کھڑے نہیں ہوسکتے۔
حکومت دہشتگردی کے خاتمے پر توجہ مرکوز رکھنے کے ساتھ معیشت کی ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے بھی انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں پنجاب سمیت پورے ملک خصوصاً جیلوں کی سیکیورٹی، دہشتگردی کے مقدمات کے لیے فوجی عدالتوں کے قیام، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد سمیت مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قوانین کی تیاری سمیت دیگر امور میں تمام پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا اور مشاورت کے بعد ہی انھیں حتمی شکل دی جائے گی۔
ملاقات میں وفاقی حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان جاری مذاکراتی عمل بھی زیر بحث آیا۔ شہباز شریف نے وزیراعظم کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور رہنمائی بھی حاصل کی۔ نواز شریف نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے اور بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے امن ناگزیر ہے۔ حکومت عوام کے مسائل سے ہرگز غافل نہیں۔آئی این پی کے مطابق وزیراعظم نے شہباز شریف کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کارلانے اور قومی پالیسی برائے انسداد دہشتگردی کو مؤثر طریقے سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمے داری ہے۔
ان کی حفاظت کے لیے ہر قسم کے وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی جنگ ہے اور ہم سب نے متحد ہو کردہشت گردوں کو شکست دینا ہے۔ حکومت ملک میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل استعمال کریگی اور ن لیگ کی حکو مت انشا اللہ عوام کوامن کا تحفہ دے گی اور امن دشمن قوتوں کوان کے عزائم میں ہر صورت میں ناکام بنائیں گے۔
اے پی پی کے مطابق شہباز شریف نے وزیراعظم کو پنجاب میں انسداد دشتگردی سے متعلق مرکزی کمیٹی جس کے سربراہ وہ خود ہیں کے فیصلوں کے متعلق آگاہ کیا جو کورکمانڈر لاہور، آئی جی پولیس، ہوم سیکریٹری اوردیگر حکام پر مشتمل ہے تاکہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا جاسکے۔ دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے بنائی گئی نگران کمیٹی اور ورکنگ گروپوں کی سفارشات کو حتمی شکل دینے کے لیے خصوصی اجلاس کل (منگل) طلب کرلیا ہے۔ جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت دیگر اعلیٰ فوجی حکام بھی شرکت کریں گے۔
فوجی عدالتوں کے قیام کے علاوہ کئی دیگراہم فیصلوں کے لیے جو کمیٹیاں اور ورکنگ گروپ تشکیل دیے گئے ہیں وہ کل اجلاس میں اپنی ابتدائی رپورٹیں پیش کریں گے۔دریں اثنا وزیراعظم نے توانائی بحران کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس آج (پیر) طلب کر لیا ہے۔ اور ہدایت کی ہے کہ بجلی کے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ روشن پاکستان کا خواب پورا ہوسکے۔