داعش نے شام میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران 2 ہزار افرد کو قتل کیا، رپورٹ

Daas

Daas

دمشق (جیوڈیسک) انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ داعش نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران شام میں 2 ہزار کے قریب افراد کو قتل کیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ شام میں موجود شدت پسند تنظیم داعش نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران تقریبا 2 ہزار کے قریب شہریوں کا قتل عام کیا اور ان افراد کو گولیاں مارکر، سرقلم کر کے یا پتھر مار کر سنگسار کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے 28 جون سے لے کر اب تک قتل کئے جانے والوں میں زیادہ تعداد عام شہریوں کی ہے جن میں 8 خواتین بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق قتل کئے جانے والوں میں 930 افراد کا تعلق مغربی صوبے کے قبیلے سے ہے جو داعش کے خلاف لڑنے میں مصروف ہیں اس کے علاوہ قتل کئے جانے والوں میں 120 کا تعلق خود شدت پسند تنظیم داعش سے ہے جو کہ اپنے گھروں کو واپس جانا چاہتے تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قتل کئے گئے افراد کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے کیونکہ بہت سے واقعات میں مارے جانے والے افراد کے اعدادو شمار کا پتہ نہیں چل سکا۔