کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم نے سانحہ ٹمبر مارکیٹ پر سندھ اسمبلی میں تحریک التوا بھی جمع کرادی۔ ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ ٹمبر مارکیٹ کی آگ اگر سازش ہے تو اس کی ذمے دار حکومت ہے جبکہ رکن سندھ اسمبلی ایم کیو ایم خالد احمد کہتے ہیں کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی ایک گمشدہ اور نااہل شخص ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ نے سانحہ پشاور اور لال مسجد کی خطیب مولانا عبدالعزیر کی گرفتاری کے لئے سندھ اسمبلی میں قراردادیں جمع کرادیں جبکہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دئیے جانے کے لئے سندھ اسمبلی میں بل جمع کرایا، ایم کیو ایم کی جانب سے سانحہ ٹمبر مارکیٹ پر تحریک التوا بھی جمع کرائی۔
سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہارا لحسن کا کہنا تھا کہ خودساختہ اسلام کے علمبردار مولوی عبدالعزیز کے نفرت آمیز اور دھمکی آمیر بیان پر قرارداد مذمت جمع کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ کی آگ اگر سازش ہے تو اس کی ذمے دار حکومت ہے۔ رکن سندھ اسمبلی ایم کیو ایم خالد احمد نے کہا کہ کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی ایک گمشدہ اور نااہل شخص ہیں۔
ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ اور حکومتی لاپرواہی کے معاملات اٹھائیں گے۔ سانحہ پشاور میں پاکستان کے مستقبل کو نشانہ بنایا گیا۔ اگر قائد تحریک کے بیانات پر توجہ دی جاتی تو سانحہ پیش نہ آتا، ضرب عضب کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے۔