لاپتہ ملائیشین طیارے کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن دوسرے روز بھی جاری

Malaysian Aircraft

Malaysian Aircraft

سورابایا (جیوڈیسک) انڈونیشیا سے سنگاپور جانے والے لاپتہ طیارے کی تلاش کے لئے کئی ممالک کا مشترکہ سرچ آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے تاہم اب تک انہیں کسی بھی قسم کی کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا سمیت کئی ممالک کے بحری جہاز اور طیارے ملائیشیا کی نجی فضائی کمپنی ایئرایشیا کے لاپتہ مسافر طیارے کی تلاش میں مصروف ہیں۔

سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں انڈونیشیا کے 12 بحری جہاز، 3 ہیلی کاپٹر اور 5 فوجی طیارے، ملائیشیا کا ایک سی 130 طیارہ اور 3 بحری جہاز ، سنگاپور کا ایک سی 130 طیارہ اور آسٹریلوی بحریہ کے جہاز کے علاوہ درجنوں کی تعداد میں بحری جہاز اور کشتیاں شامل ہیں۔

انڈونیشیا کی وزارتِ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ ان کا بنیادی ہدف طیارے کو تلاش کرنا ہے اور وہ اس سلسلے میں ہر متعلقہ ملک اور محکمے سے رابطے میں ہیں، جس میں جہاز کا ڈیزائن تیار کرنے والے شعبے کے اہلکار، جہاز تیار کرنے والی فرانسیسی کمپنی اور ملائیشین فضائی کمپنی کے آپریشنل اہلکار بھی شامل ہیں۔

انڈونیشیا کی سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے سربراہ بامبانگ سوئلیستیو کا کہنا ہے کہ ٹیم کو دستیاب معلومات سے اندازہ ہوتا ہے کہ طیارہ سمندر کی تہہ میں ہوگا تاہم اس بارے میں کوئی ٹھوس شواہد ابھی تک سامنے نہیں آ سکے۔ اس لئے اس کی تلاش کے لئے دیگر مفروضوں کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔