لاہور (جیوڈیسک) آف اسپنر محمد حفیظ کل صبح بھارت روانہ ہوں گے جہاں بدھ کو چنئی میں ان کے باولنگ ایکشن کا بائیو مکینک ٹیسٹ ہو گا۔ محمد حفیظ غیر رسمی باولنگ ایکشن کے بائیو مکینک ٹیسٹ کے لئے ڈاکٹر سہیل سلیم کے ہمراہ براستہ دبئی چنئی کے لیئے روانہ ہوں گے۔ لاہور میں پڑنے والی شدید دھند کی وجہ سے ان کی روانگی کا شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اگر محمد حفیظ پروگرام کے مطابق منگل کو چنئی پہنچ جاتے ہیں تو بدھ کو ان کے باولنگ ایکشن کا غیر رسمی ٹیسٹ ہو گا۔ محمد حفیظ اور بورڈ حکام پر امید ہیں کہ ایکشن ری ماڈل کرنے کے بعد محمد حفیظ کے کلئیر ہونے کا قوی امکان ہے۔ آف سپنر سعید اجمل کا غیر رسمی ٹیسٹ بورڈ نے انگلینڈ سے کرایا لیکن رپورٹس حوصلہ افزاء نہ آنے کی صورت میں سعید اجمل ورلڈ کپ سے دستبردار ہو چکے ہیں۔