سوئی (جیوڈیسک) سوئی کے علاقے ڈولی میں پنجاب جانے والی چوبیس انچ قطر کی گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ ہو گئی، پنجاب کے متعدد علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
دھماکہ پنجاب جانے والی گیس پائپ لائن کے قریب ہوا، دھماکے کے باعث پنجاب کے کئی علاقوں کی گیس معطل ہوگئی۔ سوئی گیس حکام کے مطابق نامعلوم افراد نے پائپ لائن پر بارودی مواد نصب کر رکھا تھا۔
حکام نے پائپ لائن کی مرمت کے لیے ٹیمیں روانہ کر دی ہیں تاہم آخری اطلاعات آنے تک کام مکمل نہ ہو سکا ۔ یاد رہے ایک ہفتہ قبل سوئی گیس فیلڈ کے پیوری سیکشن پلانٹ میں ہونے والی آتشزدگی کے باعث پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گیس کا بحران پیدا ہو گیا تھا۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس پائپ لائن کے پھٹنے سے گیس کا بحران مزید شدت اختیار کر جائے گا۔