لاہور (جیوڈیسک) ملازمین پر تشدد اور قاتلانہ حملوں کے خلاف گزشتہ روز آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے )، پیغام یونین اور لیسکو انجینئرز ایسوسی ایشن کی کال پر گزشتہ روز لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے ملازمین نے کثیر تعداد میں لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور فیصل چوک تک احتجاجی ریلی نکالی۔
لیسکو کے انجینئرز اور کارکنوں نے حکومت سے ایس ڈی او رائے زیاد کے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور دوران ڈیوٹی ملازمین کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد، انجینئرز ایسوسی ایشن کے سنیئر نائب صدر مجاہد احمد بلا، پیغام یونین کے مرکزی صدر ایس ڈی ثاقب اور دیگر نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ ایس ڈی او رائے زیاد احمد کے بہیمانہ قتل اور سپرنٹنڈنٹ انجینئر اسد ﷲ خان پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائیں۔