لاہور (جیوڈیسک) سانحہ انار کلی میں جاں بحق تیرہ افراد کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی، ورثا کیلئے فی کس پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان، لاہورکے تاجر آج مارکیٹیں بند رکھیں گے۔
لاہور کے انارکلی بازار میں آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کیلئے حکومت پنجاب نے پانچ لاکھ روپے اور زخمیوں کیلئے ایک ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر قائم کمیٹی چوبیس گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرے گی، سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے مرنیوالے افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے میو ہسپتال کا دورہ بھی کیا۔
گزشتہ روز لگنے والی آگ نے تیرہ زندگیوں کے چراغ گل کر دئیے، تاجر برادری نے سانحہ کے سوگ میں دکانیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ وزیر اعلٰیٰ پنجاب کی قائم کردہ تحقیقاتی ٹیم شواہد کا جائزہ لے گی۔ انارکلی بازار کے الکریم پلازہ میں لگنے والی آگ اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر آج شہر کی فضا سوگوار ہے۔
شہر کی تاجر برادری نے سانحہ کے سوگ میں مارکیٹیں اور بازار بند رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ پولیس نے انار کلی بازار کے دونوں اطراف کے راستے بند کر کے بھاری نفری تعینات کر دی ہے جبکہ متاثرہ پلازے میں داخلے کو مکمل طور پر بند کر رکھا ہے۔
فرانزک ٹیمیں پلازہ سے شواہد اکٹھا کر رہی ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قائم کردہ کمیٹی بھی پلازہ کا دورہ کر کے رپورٹ مرتب کرے گی۔ انارکلی کے تاجر آگ لگے پلازہ کو دیکھ کر غم زدہ ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ پلازوں میں آگ اور اس جیسے دیگر واقعات بارے کمیٹیاں تو قائم کر دی جاتی ہیں مگر ذمہ داروں کا تعین نہیں کیا جاتا۔
تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔