ذکی الرحمان لکھوی اغوا کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

Zaki ur Rehman Lakhvi

Zaki ur Rehman Lakhvi

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی دارالحکومت کی ماتحت عدالت نے اغوا کے مقدمے میں ذکی الرحمان لکھوی کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

اسلام آباد کی ایف 8 کچہری میں ملزم ذکی الرحمان لکھوی کو اغوا کے ایک مقدمے میں ڈیوٹی میجسٹریٹ ملک امان اللہ کے روبرو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، عدالت کے اندر اور باہر پولیس کے علاوہ رینجرز کے اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔

ڈیوٹی میجسٹریٹ کے رو برو پولیس نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ جس پر ذکی الرحمان کے وکیل نے مخالفت کرتے ہوئے دلائل دیئے کہ 6 سال قبل کی درخواست پر اب مقدمہ قائم کیا جارہا ہے اور جس شخص کےاغوا کا مقدمہ درج کیا گیا وہ محمد ظریف نامی افغان باشندہ لاپتا ہے اسے کسی نے اغوا نہیں کیا، دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے ذکی الرحمان لکھوی کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ممبئی حملہ کیس میں ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت منظور کر لی تھی تاہم اس کے بعد انہیں 16 ایم پی او کے تحت نظر بند کردیا گیا تھا جسے اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسے معطل کر دیا تھا۔