دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بے روزگاری کی لعنت کا خاتمہ کیا جائے۔مختار احمد

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تنظیم فلاح و بہبود خلد آباد قائد آباد کے جنرل سیکریٹری مختار احمد اور صدر شعبہ خواتین نجمہ اشفاق نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ ملک میں دہشت گردی و انارکی کے خاتمے کے لئے فی الفور ہنگامی طور پر بے روز گاری کے خاتمے کے لئے اقدامات کرے کیونکہ بڑھتی ہوئی انارکی و بدامنی کی بڑی وجہ بے روز گاری کا عفریت ہے تنظیم فلاح و بہبود کے رہنمائوں نے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں قیام امن کے لئے فلاحی معاشرے کا قیام یقینی بنایا جائے۔

فلاح و بہبود پر مشتمل معاشرہ ہی پاکستان کی ترقی خوشحالی اور امن کا ضامن ہے رہنمائوں نے وفاقی اور صوبائی سطح پر سرکاری محکموں میں نوکریوں کی سیاسی بندر بانٹ اور بھاری نذرانے کے عوض نوکریوں کے حصول نے ملک میں میرٹ کا جنازہ نکال کر رکھ دیا ہے پڑھے لکھے اور قابل نوجوان اپنی ڈگر لیکر سرکاری محکموں کی در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں تنظیم فلاح و بہبود خلد آباد قائد آباد کے جنرل سیکریٹری مختار احمد اور صدر شعبہ خواتین نجمہ اشفاق نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی ،لاقانونیت کے خاتمے کے ساتھ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے روکنے کے لئے میرٹ پر سرکاری نوکریاں فراہم کی جائیں تاکہ معاشرے میں پھیلی ہوئی بے چینی بے راہ روی اور دہشت گردی کی عفریت کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔