اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لیے اچھی ٹیم اکٹھی کر رہا ہوں، موٹر وے ایم ٹو ایک تجربہ تھا جو کامیاب ہو گیا، اب گودار سے کاشغر تک موٹر وے تعمیر کی جائے گی۔
وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد میں موٹر وے پولیس کی سالانہ کارکردگی برائے تقسیم ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا موٹروے پولیس کی سولہ سالہ تاریخ شاندار مثالوں سے بھری ہے ۔ موٹروے پولیس کے اہلکار اور افسران توقع پر پورا اترے۔
انہوں نے کہا موٹر وے ایم ٹو ایک تجربہ تھا جو کامیاب ہوگیا ۔ اب گودار سے کاشغر تک موٹر وے تعمیر کی جائے گی۔ وزیر اعظم نوز شریف نے کہا کراچی تا لاہور موٹر وے کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائے گا۔
انہوں نے آئی جی موٹر وے کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ذوالفقار چیمہ جیسے افسروں سے مزید خدمات لینی چاہئیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لیے اچھی ٹیم اکٹھی کر رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے موٹر وے پولیس کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کا اعلان بھی کیا۔