تحریک صراط مستقیم نیو ائیر نائٹ کو شب درود و سلام کے طور پر منائے گی

S M IRFAN TAHIR

S M IRFAN TAHIR

لاہور (عرفان طاہر) سربراہ تحریک صراطِ مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ نیو ائیر نائٹ کے نام پر رقص و سرور اور شراب و خرافات کی محفلیں اسلامی معاشرے کو تباہی کے دھانے پر پہنچانے کی نہایت خطرناک سازش ہے۔

حکومت ایسی خرافات پر سختی سے پابندی لگائے۔ سالوں کا آنا جانا انسان کو یادِخداوندی کا درس دیتا ہے۔ اللہ تعالی کے فضل کے بغیر انسان کا ایک لمحہ بھی نہیں گزر سکتا ہے۔ قرآنِ پاک میں رات کے بعد دن اور دن کے بعد رات کے آنے کو قدرت خداوندی کی نشانیاں قرار دیا گیا ہے۔

اس سے انسان کو یہ دعوتِ فکر دی گئی ہے کہ وہ ایک نئے انعام پر نئے سجدے کا اہتمام کرے۔اسلامی سال کا آغاز محرم اور اختتام ذوالحج پر ہوتا ہے۔جس میں اوّل سے آخر دن تک حق کی خاطر قربانی کا درس موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے موقع پر قوم کو اجتماعی طور پر توبہ کرنی چاہئے۔سال گزشتہ کی غلطیوں کی اللہ تعالیٰ سے معافی مانگنے کے ساتھ ساتھ آئندہ سال ان غلطیوں کو نہ دھرانے کا عہد کرنا چاہئے۔

ایسے موقع پر غیر شرعی امور کا ارتکاب عذابِ الٰہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔انگریزوں کے تہواروں کو منانا نظریہ پا کستان سے غداری کے مترادف ہے۔تحریک صراطِ مستقیم پا کستان نیو ائیر نائٹ کی شب کو حمد و ثناء درود و سلام کے طور پر منائے گی۔تحریک صراطِ مستقیم کی طرف سے اس موقع پر مختلف مساجد میں محافل میلاداور محافلِ درود و سلام کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اسی سے قوم دہشت گردی، مہنگائی، عریانی اور فحاشی کے وبال سے نجات پا سکتی ہیں۔