ربیع الاول کا مہینہ عظمت و برتری والا مہینہ ہے، محمد زبیر صدیقی

Anjuman Talaba Islam

Anjuman Talaba Islam

کراچی: انجمن طلبہ اسلام صوبہ سندھ کے ناظم محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے کہا ہے کہ ربیع الاول کا مہینہ عظمت و برتری والا مہینہ ہے، اس مہینے میں حضوراکرمۖ کی ولادت ہوئی، یہ گھڑی ہر مسلمان کے لئے خوشی کی گھڑی ہے، انجمن طلبہ اسلام نے اس مہینے میں خصوصی اہتمام کیا اور پورے صوبے میں ہمدرد ساز ی اور توسیع دعوت مہم کا اعلان کیا اور صوبہ سندھ کے 26 اضلاع میں تربیتی اجتماعات، کانفرنس، استقبال ربیع الاول ریلی کا انعقاد کیا۔

انجمن طلبہ اسلام ضلع ملیر کے زیر اہتمام باغ ملیر کی بخاری مسجد میں ہونے والی میلاد مصطفی ۖ کانفرنس برائے ہمدرد سازی مہم سے خطاب کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام صوبہ سندھ کے ناظم محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے کہا کہ طلبہ کسی بھی ملک کے بہتر مستقبل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، مگر جب تک ان طلبہ کی صحیح تربیت نہ کی جائے تب تک یہ طلبہ کسی بھی صورت مستقبل کے بہتر معمار نہیں بن سکتے ہیں،میلاد مصطفیۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام ضلع ملیر کے جوائنٹ سیکرٹری حافظ عمران مدنی نے کہا کہ ہمارے لئے بانی انجمن علامہ جمیل احمد نعیمی کی شخصیت رہبر و رہنما کی حیثیت رکھتی ہے۔

انجمن کے طلبہ علامہ جمیل احمد نعیمی کو اپنا بانی اور روحانی امام سمجھتے ہیں، ان کی موجودگی تمام اہل سنت کے لئے اللہ عزوجل کی ایک نعمت ہے، میلاد مصطفیۖ کانفرنس سے خطاب میں سیف الاسلام نے کہا کہ میلاد مصطفیۖ ہمارے عقیدے کی اساس ہے اور عشق رسولۖ کا پیغام ہے، اس میلاد مصطفیۖ کانفرنس کی صدارت علامہ قاری عبدالرزاق نے کی، دیگر شرکا ء میں انجمن طلبہ اسلام کی ضلعی کابینہ، ڈویژنل کابینہ اور دیگر ذمہ داران اور عام طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔