لاہور (جیوڈیسک) جماعت اہلسنت نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عقیدت و احترام اور جوش و خروش سے منانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ملک کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں 10 ہزار جلوس نکالے جائیں گے۔ غریب بستیوں، یتیم خانوں اور رفاہی اداروں میں کھانا اور تحائف میلاد تقسیم کئے جائیں گے۔
جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ حکومت عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر شہروں میں صفائی کے خصوصی اقدامات کرے۔ 12 ربیع الاول کے ساتھ 11 ربیع الاول کو بھی چھٹی کی جائے۔ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا جائے۔ 11 ربیع الاول کی رات ملک بھر مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے۔ فرقہ واریت، دہشتگردی اور بدامنی سمیت تمام مسائل کا حل دین پر متحد ہونے میں ہے۔