بہادر آباد، کپڑے کے گودام میں آتشزدگی، سامان خاکستر

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) پی ای سی ایچ ایس کی رہائشی عمارت کے تہہ خانے میں قائم کپڑوں کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے اور دھوئیں سے رہائشیوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائر بریگیڈ نے 3 گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ آتشزدگی کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر تباہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بہادر آباد کے علاقے پی ای سی ایچ ایس چار مینار چورنگی کے قریب قائم الماس آرکیڈ کے تہہ خانے میں منگل کی سہ پہر 2 بج کر 45 منٹ پر اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع ملتے ہی پوری عمارت میں شدید خوف وہراس پھیل گیا جبکہ پولیس، امدادی ٹیموں کے ساتھ فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں اور ایک ریسکیو گاڑی موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس نے فوری طور پر عمارت کو گھیرے میں لینے کے بعد عمارت میں رہائش پذیر تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ فائر بریگیڈ کے ترجمان نے بتایا کہ تہہ خانے میں ہوا کا گزر نہ ہو نے کے باعث دھواں بھر گیا تھا اور آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا تھا تاہم ایگزاسٹ فین لگانے کے بعد دھواں باہر نکالا گیا اور آگ بجھانے کا کام شروع کردیا گیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ فائر بریگیڈ نے 3 گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا اور آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر تباہ ہو گیا۔

پولیس نے بتایا کہ تہہ خانے میں کپڑوں کا گودام بنایا گیا تھا اور آگ لگنے کے بعد گودام کا عملہ باہر نکل آیا تھا۔ دوسری جانب پولیس نے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں اور ایمبولینس سروس کو بلا تعطل جائے حادثہ پر پہنچنے کے لیے سڑک کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا تھا اور تمام ٹریفک کومتبادل راستوں پر موڑ دیا گیا تھا۔