وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) نیا سال حکومتی تبدیلی کا سال ہو گا اور انشاء اﷲ عوام کی مدد سے تحریک انصاف اقتدار میں آکر ملکی ترقی ،عوامی خوشحالی کے منصوبوں پر عمل پیرا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہاراحمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ خاندانی بادشاہت اپنے عزیز واقارب اور مہربانوں کو نوازنے میں مصروف ہے جبکہ ملک کے کروڑوں عوام غربت افلاس کی آخری لائنوں پر انتہائی کرب کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور کردیئے گئے ہیں۔ حکومتی رویے، روز بروز بڑھتے ہوئے ٹیکسز، مہنگی بجلی،مہنگی گیس اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کنڑول ریٹ سے باہر جانے کے باعث عوام الناس میں بے چینی روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیا سال امن امان اور خوشحالی کا پیام لیکر آئے گا اور 2015 ء میں ہی انشاء اﷲخاندانی بادشاہت ختم ہوگی اور ملک میں عوام الناس کی مدد سے حقیقی تبدیلی ، حقیقی جمہوریت آئے گی۔ احمد فراز لودھی ایڈووکیٹ نے کہا ملک میں جاری ناانصافیوں کی وجہ سے ہر چیز سے برکت اٹھ گئی ہے جس سے لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔تحریک انصاف اقتدار میں آکرعوامی امنگوں پر پورا اترے گی۔