پیرمحل (خرم شہزاد بھٹی سے) تھانہ صدر اور چوکی پولیس کا ایس ایچ او وسیم سرور کی قیادت میں شہرکے گنجان آبادمحلہ غوثیہ آباد میں قائم جوئے کے اڈے پر کامیاب چھاپہ پولیس نے میچوں پر جواء کروانے والے گروہ کے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ہونے والے افراد کے نام عبدالغفار ،محمد ارشاد سکنہ پیرمحل جبکہ کاشف ،واجد ،شہباز سکنہ ٹوبہ ٹیک سنگھ بتائے گئے ہیںپولیس نے موقع پر موجود جواری گینگ کے زیر استعمال درجن سے زائد وائر لیس فونز ،کمپیوٹرز ،ڈش انٹینے ڈیکوڈر فیکس مشینیں لیپ ٹاپ گاڑی بھاری مقدار میں شراب سمیت دیگر اشیاء کو تحویل میں لے لیا۔
واضح رہے کہ پیرمحل میں گزشتہ کافی عرصہ سے میچوں پر جواء کا دھندہ عروج پر تھا ۔شہریوں نے جواری گینگ کے خلاف متعدد بار کاروائی کا مطالبہ بھی کیا تھا مگر جواری گینگ پولیس کے ہتھے نہیں چڑ سکا تھا ۔ میچوں پر جواء لگا کر راتوں رات امیر ہونے کے خواب دیکھنے والے کئی شہری کنگال ہو چکے ہیں اور بیشتر نے امیری کے چکر میں اپنی بیویوں کا زیور تک بھی جواری گینگ کے پاس گروی رکھا ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار کئے گئے افراد سے دوران تفتیش اہم انکشافات متوقع ہیں ۔باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نیو ایئر نائٹ پروگرام کے سلسلہ میں بڑے پیمانے پر جوا اور جشن کی تیاریاں بھی کی جا رہی تھیں۔