انجیلا مرکل کی عوام سے مسلم مخالف ریلیوں میں شرکت نہ کرنے کی اپیل

Angela Merkel

Angela Merkel

برلن (جیوڈیسک) جرمن چانسلر نے نئے سال پر جرمن عوام سے اپنے خطاب میں کہا کہ جرمنی کو ہر حال میں مسلح تنازعات کی وجہ سے ہجرت پر مجبور ہونے والوں کو اپنے ہاں جگہ دینا ہو گی تاکہ ان کے بچے خوف کے سایوں سے دور نشوونما پائیں۔

انجیلا مرکل نے اپنے بیان میں دیوار برلن کے انہدام سے قبل ہونے والے احتجاجی مظاہروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج بہت سے لوگ دوبارہ ہم عوام ہیں کے نعرے کے ساتھ شور مچاتے نظر آ رہے ہیں تاہم ان کی مراد یہ ہے کہ آپ ہم میں شامل نہیں، کیونکہ آپ کی جلد کا رنگ اور آپ کا مذہب مختلف ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس لئے میں آج ان تمام افراد سے جو ان مظاہروں میں شرکت کر رہے ہیں کہتی ہوں کہ ان لوگوں کی پیروی چھوڑ دیجیے جو آپ سے اپیلیں کر رہے ہیں کیونکہ ان کے دلوں میں نفرتیں، تفریق اور ناانصافی شامل ہے۔

واضح رہے کہ شام اور مسلح تنازعات کے شکار دیگر ملکوں سے ہجرت کرکے جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواستیں دینے والوں سے جرمن عوام میں بے چینی اور تشویش پائی جاتی ہے اور ایسے میں ایک نئی تحریک نے جنم لیا ہے۔

پیٹریاٹک یوروپیئن اگینسٹ دی اسلامائزیشن آف دی ویسٹ نامی یہ تحریک مشرقی جرمن شہر ڈریسڈن سے شروع ہوئی تھی جہاں یہ ہر پیر کو مظاہرہ کرتی ہے تاہم اب یہ تحریک متعدد دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکال چکی ہے۔