کراچی (جیوڈیسک) قومی جونیئر ٹیم کے سلیکٹر باسط علی نے الزام عائد کیا ہے کہ پینٹینگولر کپ میں ایک کھلاڑی کو نہ کھلانے پر انہیں دھمکیاں ملنا شروع ہو گئیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے الزام عائد کیا ہے کہ چند دنوں سے انہیں کسی نامعلوم نمبر سے دھمکیاں مل رہی ہیں کہ انہوں نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں زاہد محمود کو شامل کیوں نہیں کیا ۔ دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے باسط علی کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ثبوت کے طور پر میسجز موجود ہیں ، وہ اس بارے میں پی سی بی کو آگاہ کر چکے ہیں۔
تاہم انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ اگر انہیں کچھ ہوا تو ذمہ دار دادو کرکٹ ایسوسی ایشن کے پرویز چانڈیو ہوں گے ، باسط علی نے سندھ حکام سے سیکورٹی کا مطالبہ بھی کر دیا ۔