سزائے موت کے پانچ دہشتگردوں کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت

Supreme Court

Supreme Court

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے نیشنل بینک اور سابق صدر پرویز مشرف پر حملوں میں ملوث پانچ دہشت گردوں کی سزائے موت کے خلاف درخواستیں نمٹا دیں۔

سابق صدر پرویز مشرف کے قافلے پر حملے کے الزام میں گرفتار مجرم عدنان، واجد محمود اور سپاہی محمد افضل کو فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی جبکہ غلام نبی اور عبدالمالک کو نیشنل بینک حملہ کیس میں پھانسی کی سزا دی گئی ہے ۔ پانچوں مجرمان نے ڈیتھ وارنٹس کے خلاف لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں اپیلیں دائر کیں۔

جسٹس عبدالرحمان لودھی اور جسٹس قاضی امین پر مشتمل ڈویژنل بنچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ اپیل کا حق نہیں دیا گیا ۔ عدالت ڈیتھ وارنٹ پر عمل درآمد رکوائے ۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل فیصل رفیق ملک کا کہنا تھا کہ سزائے موت کے متعلق درخواستیں سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں۔

سپریم کورٹ نے سزائے موت پر عمل درآمد تا حال نہیں روکا ، عدالت عالیہ نے تمام درخواستیں نمٹاتے ہوئے درخواست گزاروں کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔