وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) نئے سال پر بہترین موسم نے شہریوں کی موجیں کروا دیں، دھند اور سردی کے ستائے شہریوں نے کڑکتی دھوپ اور ٹھنڈی ہوائوں کے خوشگوار مزے لئے۔ نئے سال کی آمد پر شہر اور گردونواح میں موسم بالکل صاف اور دھند نہ ہونے کے باعث سورج کی پہلی کرنوں سے ہی شہریوں نے استفادہ حاصل کیا نوجوان نئے سال کا سورج محفوظ کرنے کیلئے موبائل کیمروں پر فوٹو گرافی میں مصروف بھی دیکھے گئے۔
دسمبر میں کئی روز تک جاری رہنے والی دھند اور خراب موسم میں کئی جان لیوا حادثات رونما ہونے کے علاوہ ٹرینوں اور دیگر سفری ذرائع کے اوقات بھی متاثر ہوئے سخت موسم کی وجہ سے انسانوں کیساتھ جانوروں اور چرند پرند کوبھی تکالیف کا سامنا رہ ،موسم نے تیور بدلے توجنوری کے پہلے روزہی بہترین موسم سے ہر جاندار نے لطف اٹھایا۔ ہیٹروں،انگیٹھیوں کے سامنے سے اٹھ کرلوگ کھلے مقامات اور چھتوں پردھوپ تاپتے نظر آئے۔ مطلع صاف ہونے کی وجہ سے دور دور تک چیزیں واضح دکھائی دے رہی تھیں۔
کہر اور جاڑے کی سخت سردی کی وجہ سے سبزیات اور چارے کی فصلیں بھی متاثر ہوتی ہیں۔باغبانی او ر گملوں میں خوبصورت پھول اگانے والوں کو معلوم ہونا چاہیئے کہ مختلف خوبصورت پھولوں اور بیلوں وغیرہ کے اگانے کا یہ بہترین موسم ہے گل اشرفی، پٹونیا، السی،نیسٹریشیم وغیرہ کے پودوں کے بیج دسمبر کے آخری عشرہ میں بوئے جاتے ہیں جو مئی تک اپنے جوبن میں رہتے ہیں۔ مسلسل دھوپ اوربدلتے موسم کیساتھ آئندہ چند روز تک ہر طرف پھولوں کی بہار ہوجائے گی ۔موسم کی اس تبدیلی سے دو روز میں ہی لنڈا مارکیٹ کی رونقیں ماند پڑ گئی ہیں۔ لنڈا جہاں چند روز قبل تک تک دھرنے کو جگہ نہیں ملتی تھی دکاندار گاہکوں کے منتظر دکھائی دیتے ہیں۔