کراچی: حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر محافل میلاد اور جلوسوں کے روٹس پر سخت سیکورٹی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ محافل میلاد کی اجتماع گاہوں کے اطراف اوربا رہ ربیع الاول کے موقع پر شاہ فیصل کالونی میں برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس پر سے تجاوزات اور رکاوٹوں کا فی الفور خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
جلوس کے روٹس کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ شاہراہوں ،سروس روڈز اور فٹ پاتھوں پر کھڑی ناکارہ گاڑیوں کو ہٹا یا جائے اور روٹس پر ہر قسم کی پارکنگ پر پابندی عائد کی جائے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی میں عید میلاد النبی ۖ کے حوالے سے بارہ ربیع الاول کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس پر بلدیاتی سہولیات اور حفاظتی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران بھی موجود تھے دورے کے موقع پر حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کے منتظمین سے ملاقات کی اور اُن سے بلدیاتی و حفاظتی انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
منتظمین سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہا کہ قائد تحریک محترم الطاف حسین بھائی کی خصوصی ہدایت پر عاشقان رسول ۖ کو عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں اور انشا اللہ منتظمین کی باہمی مشاورت اور داروں کے تعاون سے عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر مثالی ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے گا اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے منتظمین کو یقین دلا یا کہ عوامی نمائندوں کی باہمی مشاورت کے ساتھ عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر عاشقان رسول ۖ کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں اس موقع پر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ منتظمین سے مکمل رابطے میں رہیں اور جہاں ضرورت ہوبروقت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔