محکمہ موسمیات کی مختلف مقامات پر 24 گھنٹوں میں بارش کی پیشگوئی

Rain

Rain

اسلام آباد (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے تین روز کے دوران پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت اور دورانیہ کم رہنے کی پیشگوئی کردی، جب کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چند مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ موٹر وے ایم ٹو کے گردونواح لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک صبح کے اوقات میں دھند چھائی رہے گی۔ دھند کے باعث صبح کے اوقات میں لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان ایئرپورٹ کی پروازوں کے اوقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ آئندہ دو روز میں پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت کم ہو جائے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بادل چھائے رہیں گے۔ چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری بھی ہوسکتی ہے، آج ملک کے شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کم رہے۔ سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی بارہ ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔