بلوچستان کانسٹیبلری کے ڈیپو سے اسلحہ غائب کرنے میں پولیس افسران کے ملوث ہونے کا انکشاف

Weapons

Weapons

کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ میں بلوچستان کانسٹبلری کے مال خانے سے 3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا اسلحہ غائب ہوگیا جب کہ اسلحہ کی خورد میں پولیس افسر کے ملوث ہونے کے شواہد بھی مل گئے۔

بلوچستان کانسٹبلری کے کوئٹہ میں موجود بدرلائن مال خانے سے 3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا اسلحہ غائب ہوگیا جب کہ اس حوالے سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق مال خانے سے 7 لاکھ گولیاں، متعدد کلاشنکوفیں، رائفلیں اور دیگر جدید اسلحہ شامل ہے۔

ڈی سی او کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کا کہنا ہے کہ بی سی کے مال خانے سے غائب ہونے والے اسلحہ میں 4 اسلحہ ڈیلرز اور پولیس افسر کے ملوث ہونے کے شواہد مل گئے ہیں جن کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کانسٹبلری کے مال خانے میں خورد برد کا سلسلہ 2011 سے جاری ہے جب کہ خورد برد چھپانے کے لئے بدر لائن مال خانے میں جان بوجھ کر آگ بھی لگائی گئی۔

دوسری جانب بلوچستان کانسٹیبلری کا اسلحہ غائب ہونے کا مقدمہ کینٹ تھانہ میں درج کیا گیا ہے جس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اسلحہ کی خورد برد میں پولیس افسران ملوث ہیں جبکہ ابتدائی طور پرمال خانے کے انچارج سمیت 6 اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔