کراچی (جیوڈیسک) متحدہ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ آج تمام سیاسی قیادت نے طالبانائزیشن کے بارے میں ان کا موقف تسلیم کرلیا ، ملک بچانے کے لیے طالبانائزیشن کے خاتمے پر اتفاق خوش آئند ہے جبکہ رابطہ کمیٹی نے الطاف حسین کاموقف درست ہونے پر آج یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے ۔متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام جماعتوں کی جانب سے کراچی سمیت ملک بھر میں طالبانائزیشن کا اعتراف کرنا الطاف حسین کے موٴقف کی سچائی کا ثبوت ہے۔
ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ الطاف حسین گزشتہ 10 سال سے نشان دہی کر رہے ہیں کہ کراچی سمیت پورے ملک میں طالبانائزیشن ہورہی ہے جس پر وزیراعلیٰ سمیت تمام حکمران الطاف حسین کے خدشات پر سنجیدگی سے غورکرنے کے بجائے ان کا مذاق اڑاتے تھے۔ لیکن آج ان کے خدشات پر ہنسنے اور مذاق اڑانے والوں نے ایک چھت تلے بیٹھ کر تسلیم کیا کہ ملک میں طالبانائزیشن پھیل رہی ہے
اس عفریت سے سختی سے نمٹاجائے اور انتہا پسند دہشت گردوں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے الطاف حسین کو ایک مرتبہ پھر سرخرو کر دیا، متحدہ نے اپنا موقف درست ثابت ہونے پر آج یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔