کراچی (جیوڈیسک) گلی محلوں میں محافل ، فضاؤں میں نعتوں کی گونج، جگہ جگہ سبز جھنڈوں کی بہار ہے،12 ربیع الاول قریب آرہی ہے۔ عقیدت مندوں کے جوش میں اضافہ ہوگیا،عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم میں صرف دو دن رہ گئے ہیں۔ کراچی میں گلی محلوں کو برقی قمقموں، سبز پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا جارہا ہے۔ رات میں یہ سجاوٹ دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔
ہر شخص اپنے طور پر عید میلا د النبی صلی اللہ علیہ وسلم منانے کی تیاریاں کررہا ہے۔ کراچی میں عاشقانِ رسول نے گلیوں،محلوں، بازاروں اور مساجد کو بر قی قمقوں سے اس طرح سجایا ہے کہ ہر آنکھ کچھ دیر کے لئے اسے دیکھنے پر مجبور ہوجاتی ہے۔
بہت سے لوگوں نے اپنے گھر سبز روشنیوں سے سجائے ہیں۔ یہی نہیں بعض لوگوں نے تو اپنی گاڑیوں پر رنگ برنگی لائٹوں کے ذریعے نعلین پاک کی شبیہ بنائی ہے۔ جشن میلاد البنی صلی اللہ علیہ وسلم کی سلسلے میں نمائش چورنگی پر خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کی شبیہ بھی سجائی گئی ہے۔