سکولوں‌ کو نان سیلری بجٹ نہ ملا سکیورٹی انتظامات التواء کا شکار

Sargodha

Sargodha

سرگودھا (جیوڈیسک) ضلع بھر کے سرکاری سکولوں میں نان سیلری بجٹ کی سکول کونسلوں تک منتقلی کا عمل تاخیر کا شکار، دوسری سہ ماہی کے اختتام پر بھی فنڈز جاری نہ ہونے کی وجہ سے انتظامیہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب ضلعی حکومت کو گزشتہ دو سہ ماہیوں کی اقساط جاری کر چکی ہے مگر مختلف دفتری پیچیدگیوں کے باعث فنڈز تاحال استعمال نہیں ہو رہے۔

اکثر سکولوں کی انتظامیہ نے اس سلسلہ میں ڈی سی او اور ای ڈی او ایجوکیشن کو تحریری طور پر مطلع کر رکھا ہے کہ فنڈز نہ ملنے کے باعث سکولوں میں سکیورٹی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی التواء کا شکار ہے، فز بیلٹی رپورٹس تیار ہیں مگر فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات در پیش ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سکول کونسلوں کو نان سیلری بجٹ کی مد میں جاری ہونے والے تمام فنڈز متعلقہ مالی سال کے دوران ہی خرچ کرنے ہوں گے اور خرچ نہ ہونے کی صورت میں یہ فنڈز لیپس ہو جائیں گے۔ مالی سال کے چھ ماہ گزرنے کے باوجود فنڈز جاری نہ ہونے سے ظاہر ہے کہ اجراء کے بعد فنڈز کے خرچ کرنے کیلئے کونسلوں کو مناسب وقت بھی میسر نہیں آسکے گا۔