اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان دیگر پارلیمانی رہنمائوں کی جانب سے قومی اسمبلی میں واپس آنے کے بار بار مطالبے پراے پی سی کے اختتام سے قبل ہی اٹھ کرچلے گئے۔
ذرائع کے مطابق اے پی سی میں شریک تمام پارلیمانی رہنمائوں نے عمران خان سے قومی اسمبلی میں واپس آنے کی درخواست کی اور باربارزور دیاکہ وہ قومی مفاد کے معاملے پر ہونیوالی قانون سازی میں حصہ لینے کے لئے استعفے واپس لیں۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہاکہ سانحہ پشاورکے بعدقومی اتفاق رائے کے لئے انھوں نے اپنا احتجاج اور دھرنا ختم کرنے میں ایک لمحہ بھی نہیں لگایا لیکن حکومت کی طرف سے ہمیں جویقین دہانیاں کرائی گئی تھیں وہ پوری نہیں ہوئیں اور حکومت ایک بار پھران سے انحراف کررہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ابھی کانفرنس جاری تھی کہ عمران خان وزیراعظم ہاؤس سے چلے گئے۔