لاہور (جیوڈیسک) عید میلاد النبی کے موقع پر تحریک منہاج القرآن کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر روشی ڈالی اور سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کو یاد کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آپریشن ضرب عضب میں تمام دہشتگردوں کا بلاتفریق خاتمہ کیا جائے۔ مینار پاکستان لاہور میں تحریک منہاج القرآن کی جانب سے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس سے ڈاکٹر طاہر القادری نے وڈیو لنک سےخطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ سرور کائنات دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلیے رحمت بنا کر دنیا میں بھیجے گئے۔ اگر کوئی ظلم کرکے یہ سمجھے کہ وہ اسلام کی خدمت کر رہا ہے تو وہ غلط ہے، ظلم کے ذریعے کفر کی خدمت تو ہوسکتی ہے اسلام کی نہیں۔ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رحمت اللعالمین ہیں امن محبت اور بھائی چارہ ان کی تعلیمات ہیں۔
تحریک منہاج القرآن کے تحت مینارپاکستان میں منعقدہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کانفرنس کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، پرندوں کو آزاد کیا گیا اور ایک دوسرے کو عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارکبادیں پیش کی گئیں۔