کراچی (جیوڈیسک) پینٹنگولر کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں خیبرپختونخوا فائٹرز نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔
بلوچستان واریئرز ظفرگوہر اور محمد سمیع کے حملوں کی تاب نہ لاسکے اور ابتدائی مقابلے میں 7 وکٹ سے شکست کھا بیٹھے، ظفر کو 37 رنز پر 4 شکار کرنے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیاگیا، سمیع نے3 کھلاڑیوں کوواپسی کے پروانے تھمائے، واریئرز کا قصہ 136 پر تمام ہوگیا، کے پی کے فائٹرز نے ہدف تین وکٹ پر حاصل کرلیا، شعیب ملک نے مسلسل تیسری نصف سنچری بناتے ہوئے 68 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹاس جیتنے والے بلوچستان واریئرزکیلیے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ سودمند نہیں رہا، اوپنرسمیع اسلم کو پیسر محمد سمیع نے اپنے ابتدائی اوور میں ہی بولڈ کردیا، اظہر علی کا آسان کیچ بھی اسی اوور میں سلپ پوزیشن پر ڈراپ ہوا تاہم وہ 17 رنزسے آگے نہیں بڑھ پائے، ایاز تصور44 اور ذوالفقار بابر 32 رنز بناکر نمایاں رہے، ظفرگوہر نے 37 رنز دے کر4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، انھیں اس پرفارمنس پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیاگیا۔
محمد سمیع نے 3 کھلاڑیوں کو واپسی کے پروانے تھمائے، واریئرز کا قصہ 42.2 اوورز میں 136 پر تمام ہوگیا، جنید خان، یاسرشاہ اور تاج ولی کو ایک ایک وکٹ ملی، خیبر پختونخوا فائٹرز کو آسان ہدف کے تعاقب میں پہلا نقصان 19 کے ٹوٹل پر اٹھانا پڑا، نعیم الدین 11 رنز بناکر احسان عادل کی گیند پر رمیز عزیز کے ہاتھوں جکڑے گئے، محمد رضوان اس مرتبہ بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔
انھیں 4 کے انفرادی اسکور پر احسان نے ہی بولڈ کردیا، اسرار اللہ 27 رنز بناکر آؤٹ ہونے والے تیسرے پلیئر بنے، انھیں اظہر علی نے کلین بولڈ کیا، اس کے بعد شعیب ملک اور عادل امین نے ہدف تک رسائی کا چیلنج قبول کرلیا، دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے 78 رنز کی ناقابل شکست شراکت بنی، ٹیم نے 35.4 اوورز میں 139 رنز بنالیے، شعیب نے88 گیندوں پر 10چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے، عادل امین نے27 رنز اسکور کیے۔