لاہور (جیوڈیسک) صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ ملک حالت جنگ میں ہے، تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے بچوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے ، امن کیلئے 3 لاکھ رضا کاروں پر مشتمل یوتھ فورس بنائی جائے گی، 12 جنوری کو تعلیمی ادارے کھول دیئے جائیں گے، تاہم سکیورٹی انتظامات نہ کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی ہو گی اور حکومت کسی دباؤ میں نہیں آ ئے گی۔
ای لائبریریز کے قیام سے نوجوان مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب ہونگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوجوان رضا کار برائے امن، ڈیجیٹل لائبریریز کے قیام اور نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کی سکیورٹی کے حوالے سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونیوالے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر شرکا نے اپنی تجاویز بھی دیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جارہا ہے، اس سلسلے میں حکومت اہم اقدامات کررہی ہے، تعلیمی اداروں کے سربراہوں اور نجی سکولز کی ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں کے ورکنگ گروپس بنائے جا رہے ہیں تاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق یوتھ کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔