عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ملک بھر میں سخت سیکیورٹی

Strict Security

Strict Security

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے جشن ولادت پر ملک بھر میں محافل ،جلوس اور دیگر تقاریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

ملک کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر جلوسوں اور تقاریب کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔راول پنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت آج رات 12 بجے تک شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق مساجد میں اذان اور خطبات کے علاوہ لاوڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی آیندہ 48 گھنٹوں کےلیے پابندی ہے۔

ڈی سی او اٹک نے بھی ضلع میں دفعہ 144 نافذ کی ہے۔کراچی میں جلوس اور محافل کی سیکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر سولہ ہزار پانچ سو پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔پولیس کے مطابق جلوسوں میں شرکت کرنے والے لوگ بغدادی ، ٹاور، ڈی ایم سی سگنل، عید گاہ چوک، سعید منزل، گارڈن روڈ ، ایم آئی اسپتال اور سی بریز کے راستوں سے جلوس میں پیدل شامل ہوسکتے ہیں۔

جلوس میں کسی قسم کا اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی ہے۔ کوئٹہ میں جلوس کے راستوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دو ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ 35 مقامات پر خصوصی ناکے بھی لگائے گئے ہیں۔پشاور میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ شہر میں تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ تین ایس پیز سیکیورٹی کی نگرانی کریں گے۔

سہ پہر چار بجے کے بعد اندرون شہر کا علاقہ سیل کردیا جائے گا۔ مرکزی جلوس کا آغاز صبح 8 بجے جس کے ساتھ لیڈیز پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار بھی موجود ہیں۔